گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک کی جانب سے پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کامونکے اور دیگر مقامات پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی گئی ہے جبکہ ٹرین سروس بھی احتجاج اور مارچ کے باعث شدید متاثر ہے۔احتجاج کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جی ٹی روڈ کے نواح میں کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں، تحریک کے قافلے کو روکنے کے لئے رینجرز نے چناب کے پل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق گجرات میں گجرات میں پولیس اور ایلیٹ فورس کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے، داخلی اور خارجی راستوں پر خندقیں کھودکر بند کر دیا گیا ہے، راولپنڈی کے اہم مقامات پر بھی رینجرز کو ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔