اسلام آباد، کراچی(مانیٹرنگ، این این آئی) بجلی کی قیمت میں مزید ہوشربا اضافے کا امکان ظاہر کر دیا گیا، پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کھوکھر نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چار روپے اضافے کی تیاریاں کی جا چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ تاثر یہی دیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی وجہ عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ 3 روپے 45 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔کراچی الیکٹرک نے اپنے صارفین کے لیے بھی بجلی تین روپے 45 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو دے دی۔ فیصلہ تین نومبر کو ہوگا۔کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی کے نرخ ستمبر میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھائے جائیں۔ذرائع کے مطابق نیپرا اس معاملے پر 3 نومبر کو سماعت کرے گا، اور اگر یہ درخواست منظور کرلی گئی تو اس صورت میں صارفین پر 6 ارب 64 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے انڈسٹریل صارفین کے لیے سبسڈی کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل ہوگئی ہے، اتھارٹی اعدادوشمار کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔