لاہور (آن لائن) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے خلاف رائیونڈ کے شہریوں نے انوکھا احتجاج کر ڈالا۔ احتجاج میں شامل شہری ایک گدھے کو
مظاہرے میں ساتھ لے آئے۔ جس پر بغیر پٹرول سواری کا۔ بینر لگایا گیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو شہری گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں گھروں میں بند کر کے بغیر پٹرول گدھوں پر سواریاں کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے مرزا جاوید بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب شہریوں کے لئے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا استعمال مشکل ہو کر رہ گیا ہے۔ اس لئے ان کے علاقے کے ایک مقامی نوجوان نے اپنی بارات گاڑی پر لے جانے کی بجائے گدھے پر بیٹھ کر جانے کی ترجیح دی ہے۔ لیکن انہوں نے شہری کو گدھے سے اتار کر بطور دلہا اپنی گاڑی پر سوار ہو کر بارات لے جانے کی ہدایات جاری کیں۔