لاہور (آن لائن) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن (پیف) کے پارٹنر سکولوں میں بچوں کی جعلی ان رولمنٹ کے انکشاف کے بعد پیف حکام نے اپنے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جو
روزانہ کی بنیاد پر پیف سکولوں میں جا کر بچو کی ان رولمنٹ کے حوالے سے ریکارڈ کا جائزہ لیں گی۔ پیف حکام کی جانب سے اپنے پارٹنر سکولوں کے سربراہان کے نام بھیجے گئے مراسلے میں انہیں اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ انسپکشن کے لئے آنے والی ٹیمیوں کو رجسٹرڈ حاضری سمیت دیگر ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پیف حکام نے انسپکشن ٹیموں کو ایک سکول کی انسپکشن ایک روز میں مکمل کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور اگر کسی سکول کا سربراہ انسپکشن ٹیم کو ریکارڈ فراہم نہیں کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس کے سکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔ پیف حکام کے مطابق پیف کے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم وہ طلباء و طالبات جو سکولوں سے غیر حاضر ہیں ان کے وضائف بھی روک دئیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ وقت لاہور سمیت صوبے بھر میں پیف کے پارٹنر سکولوں کی تعداد 7 ہزار 500 ہے۔