سرگودھا(این این آئی)سرگودھا میں 65 سالہ بوڑھے کی16 سالہ دلہن پہلی رات گھر کاصفایا کر کے فرار ہوگئی۔ جس کا متاثرہ بوڑھا نئی نویلی دلہن کے خلاف مقدمہ در ج کروانے عدالت پہنچ گیا۔جس پر پولیس کو وضاحت کے لئے عدالت
طلب کر لیا گیا۔زرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد اعجاز کی عدالت 65 سالہ شہری فیض رسول نے پیش ہو کر بتایا کہ بیوی کے انتقال کر جانے پروہ شادی کا خواہشمند تھاکہ اس کے قریبی تعلق دار اعظم نے 16 سالہ لڑکی اقراء دکھا کر 5 لاکھ روپے کے عوض فوری نکاح کی پیش کش کی اور فوری 5 لاکھ روپیہ لیکر ضلع کچہری سرگودھا میں ایگریمنٹ پر دستخط کروائے اور 16 سالہ اقراء سے نکاح پڑھوا دیا۔ اور جب پہلی رات گزار کر صبح بیدار ہوا تو نئی نویلی دلہن الماریوں کے تالے توڑ کر نقدی، طلائی زیورات اورضروری کاغذات لوٹ کر فرار ہو چکی تھی۔ جس کی پتہ جوئی کے لئے اعظم کے رشتہ داروں کے گھر گیا تو وہاں بھی تالے پڑے ہوئے تھے۔بوڑھے دولہا فیض رسول کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کی رپورٹ کرنے تھانہ کینٹ گیا تو پولیس اہلکاروں نے اسے مذاق بنا دیا۔ جس پر فاضل عدالت نے تھانہ کینٹ کو وضاحت کے لیے عدالت طلب کرلیا۔