ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی مارکیٹ قدر کا حجم 20 کھرب ڈالرکے قریب پہنچ چکا ہے اور وہ امریکا میں قائم ٹیکنالوجی فرم ایپل کی جگہ دنیا کی بیش قدرکمپنی بننے کو تیار ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی آرامکو کی آمدن عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بڑھی ہے
اور اس کی مالی قدرقریبا 20کھرب ڈالرہوگئی ہے۔اب وہ ایپل سے صرف 30 ارب ڈالر پیچھے رہ گئی ہے۔اس وقت ایپل کی مارکیٹ قدر 20 کھرب 30 ارب ڈالر ہے۔ان دونوں بڑی جناتی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دراصل اس بات کی بھی علامت ہے کہ اس سال عالمی معیشت کس طرح تبدیل ہورہی ہے اور کیا رخ اختیار کررہی ہے۔صارفین کے گھریلوتفریح پر مصارف میں کمی کی وجہ سے ایپل کے حصص پرمنفی فرق پڑا ہے اور اس کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔نقل وحمل کی تمام سرگرمیوں میں اضافے سے تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی آئی ہے اور اس سے آرامکو کی آمدن میں براہ راست اضافہ ہواہے۔ماہرین کے مطابق توانائی کی مانگ میں اضافے کے پیش نظر سعودی آرامکومسلسل ترقی کے زینے چڑھتی رہے گی اوراس بات پریقین کرنے کی ایک معقول وجہ ہے۔بنک آف امریکا کارپوریشن کے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں توانائی کے بحران سے تیل کی قیمتوں میں اضافے میں مدد مل سکتی ہے اور 2014 کے بعد پہلی مرتبہ خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ سکتی ہے۔دوسری جانب عین اس وقت ایپل کو دبائوکوسامنا ہے کیونکہ سرمایہ کار اس ٹیکنالوجی فرم کے مہنگے اسٹاک کے بارے میں محتاط ہیں جبکہ بانڈ سے کمائی یا منافع میں اضافہ ہورہا ہے۔