کراچی(این این آئی) لیجنڈ اداکار عمر شریف کے حوالے سے حکومت سندھ کا اہم اعلان، سندھ حکومت نے شہید ملت روڈ پر حیدر علی انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے یہ اعلان ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے عمر شریف کی
رہائشگاہ پر کیا اس موقع وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی انکے ہمراہ تھے ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ بلاشبہ عمر شریف عظیم شخصیت کے مالک اور بڑے فنکار تھے۔ان کے اہل خانہ سے ہم رابطے میں ہیں کے ایم سی کی جانب سے شہید ملت روڈ پر حیدر علی انڈرپاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ یہ ہماری طرف سے ایک چھوٹی سی کنٹربیوشن ہے۔ قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب عمر شریف کی رہائشگاہ پہنچے وزیراطلاعات سعید غنی بھی موجود تھے بیرسٹر مرتضی وہاب اور سعید غنی نے عمر شریف کے صاحبزادے اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی رہنماوں نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ اور افسوس اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ سندھ حکومت آپکے ساتھ ہے پارٹی قیادت اور وزیراعلی سندھ کی ہدایت ہے کہ عمر شریف کی آخری رسومات میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عمر شریف کی خواہش کے مطابق انکی تدفین کے انتظامات عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کئے جارہے ہیں۔