اسلام آباد (این این آئی)این ایچ اے سی پیک کے اہم منصوبے ہکلہ ڈی آئی خان کو 15 نومبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، اس اہم منصوبے پر عملی کام 2019 میں شروع ہوا تھا۔
این ایچ اے نے اس اہم منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے ویڈیوز بھی جاری کر دیں اس حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں سے نہ صرف فاصلے کم ہوئے بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملے ہیں۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کا ضامن منصوبہ ہے۔ مراد سعید نے چین کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اگلے مرحلے کے لیے مغربی روٹ کے اہم ترین منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے ہونے والے جے سی سی اجلاس میں سوات موٹروے، دیر چترال موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سی پیک کے مغربی روٹ کی منظوری ہوگء ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف دیر،سوات، چترال، باجوڑ اور گلگت کو ترقی اور روزگار ملے گا بلکہ یہاں کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ مراد سعید نے کہا کہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے کا منصوبہ کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ژوب اور ضم شدہ اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ان علاقوں کے لوگوں ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔