بہاولنگر ، اسلام آباد(این این آئی) پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے 25 پیسے لیٹر مہنگا ہونے کی خبروں پر متعدد پٹرول پمپس مالکان نے پٹرول کی سپلائی بند کردی، کئی پٹرول پمپس مالکان نے مشینیں خراب ہونے کے بورڈ آویزاں کردیئے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 25 پیسے لیٹر کے اضافی کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو
بھیجی ہے جس میں ڈیزل کی قیمت ساڑھے 3 روپے مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کیساتھ ہی پٹرول پمپس مالکان نے سپلائی عارضی طور پر بند کردی۔دوسری جانب نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ڈالر اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں شیری رحمن ے کہاکہ ڈالر اور پیٹرول کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، خدشہ ہے ڈالر کی قیمت 172 روپے اور پیٹرول 123 روپے سے بھی تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئے ایم ایف سے مذاکرات سے پہلے ڈالر اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کس بات کی نشاندہی ہی؟ ۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ رواں ماہ حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، تباہی سرکار پیٹرول کی قیمتوں میں مزید 5 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ یہ حکومت پہلے ہی 3 سالوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں 28 روپے کا
اضافہ کر چکی ہے، ڈالر اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا طوفان لے آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کی سونامی اب مہنگائی کی سونامی بن چکی ہے، عالمی ادارے پہلے ہی ملک میں شدید مہنگائی کی پیش گوئی کر چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بے رحم اور نااہل حکمرانوں کو عوام پر اب رحم کرنا چاہئے،ان کی نااہلی کی وجہ سے عوام کی زندگی مشکل ہو گئی ہے۔