لاہور (آن لائن) جوڈیشنل مجسٹریٹ رحمان الٰہی کی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے گھر مسلح ڈکیتی کی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے تینوں ملزمان محمود، کاظم، فہد کو سات سات سال قید اور 45 ہزار روپے فی کس جرمانے کی
سزا کا حکم سنایا ہے۔ تینوں مجرمان کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے 2020ء میں مقدمہ درج کیا تھا جبکہ پولیس اور پراسیکیوٹر نے مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کررکھا تھا۔دوسری جانب لاہور میں قتل ڈکیتی سمیت دیگر وارداتوں میںملوث 360اشتہاریوں کی موجودگی کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی راحت افزا کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا کے متن میں کہاگیا ہے کہ شہر میں قتل،اقدم قتل،ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 360 اشتہاریوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔جن کو آپریشن و انوسٹیگیشن پولیس تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہی ہے۔آئی جی پنجاب نے اب ان کی گرفتاری کے لیے سی آئی اے پولیس کو ٹاسک دیا ہے۔اشتہاریوں کی موجودگی سے شہر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ایسا لگ رہا ہے کہ پولیس نے شہریوں کو اشتہاریوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔اشتہاریوں کی شہر میں موجودگی ڈے شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔اشتہاریوں کی عدم گرفتاری سے لاہور کے عوام میں سخت خوف و ہراس اور تشویش پائی جاتی ہے۔