لندن، اسلام آباد (این این آئی)صحافی اور برطانیہ میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کر گئے۔واجد شمس الحسن طبیعت ناساز ہونے کے سبب رائل فری ہسپتال میں چھ ہفتوں سے داخل تھے، وہ گزشتہ دو برس سے علیل تھے۔واضح رہے کہ واجد شمس الحسن 2008ء میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے فرائض بھی
انجام دے چکے ہیں، واجد شمس الحسن 40 سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زرداری نے سید واجد شمس الحسن کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ اپنے بیان میں سابق صدر نے کہاکہ سید واجد شمس الحسن صحافی ،سفارتکار اور تاریخ کا عظیم ورثہ تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سید واجد شمس الحسن کے والد نواب شمس الحسن قائداعظم کے چالیس سال ساتھی رہے ۔انہوں نے کہاکہ سید واجد شمس الحسن بھٹو خاندان کے عظیم دوست اور ساتھی تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سید واجد شمس الحسن کی پارٹی قیادت اور جمہوریت کیلئے بے مثال خدمات ہیں۔انہوں نے کہاکہ سید واجد شمس الحسن کے انتقال پر قیادت اور کارکن سوگوار ہیں۔آصف زرداری نے سید واجد شمس الحسن کو خراج عقیدت اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہاکہ واجد شمس الحسن کی صحافت اور ملک کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق سفیر سید واجد شمس الحسن کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہارکیا ۔ انپے بیان میں انہوں نے کہاکہ واجد شمس الحسن نے ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے آمین۔