لاہور(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں 23 ستمبر سے ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میچز کے لئے ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان کردیا۔رپورٹ کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ میچز کا آغاز دو مرحلوں میں ہوگا، پہلا مرحلہ 23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک راولپنڈی میں
جبکہ دوسرا مرحلہ 6 تا 13 اکتوبر لاہور میں کھیلا جائے گا۔ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق اسٹیڈیمز کی گنجائش کے 25 فیصد تک لوگ میچ دیکھ سکیں گے، صرف ان شائقین کو میچ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم جانے کی اجازت ہوگی جو مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں گے۔دونوں مرحلوں کے لئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوچکی ہے ٹکٹ ملر اینڈ فپس کی ملک بھر میں موجود برانچز ، دفاتر کے علاوہ ویب سائٹ ” بک می ڈاٹ پی کے” سے آن لائن خریدے جاسکتے ہیں۔ٹکٹوں کی قیمت پچاس روپے سے لے کر پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے اور پی سی بی نے تین یا تین سے زائد ٹکٹیں خریدنے والوں کو دس فیصد رعایت دینے کااعلان کیا ہے۔