لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے متنازعہ انٹر ویو دینے پر پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
پارٹی قیادت کی ہدایت پر جاوید لطیف کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ نے چینل پر بے بنیاد بیان دیا جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے۔مسلم لیگ (ن) نے جمہوری اصولوں کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ غیر جمہوری قوتوں کی تمام سازشوں کے باوجود پارٹی متحد ہے۔(ن)لیگ کے رہنما برے وقت میں کندھے سے کندھا لگا کر کھڑے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں کامیابی عوامی حمایت کا واضہ ثبوت ہے۔نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ضابطہ اخلاق او رنظم و ضبط کی خلاف ورزی نا قابل قبول ہے۔نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سات روز میں ٹی وی انٹر ویو میں دئیے گئے متنازعہ بیان پر اپنی پوزیشن واضح کریں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے پارٹی صدرر شہباز شریف کے سخت احتجاج کے بعد جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔