عمان(این این آئی)اردن میں گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران میں سوشل میڈیا پر ایک سرخ جوہڑ یا کچے تالاب کی تصاویر کثرت سے گردش میں آئی ہیں۔اردن کی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ بحر مردار کے علاقے میں سامنے آنے والا یہ سرخ جوہڑ سمندر سے
مکمل طور پر الگ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان عمر سلامہ نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے مخصوص ٹیموں نے سرخ پانی کے حامل اس جوہڑ کے نمونے لیے ہیں۔ ان نمونوں کو تجزیے کے واسطے لیبارٹیریز بھیج دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تجزیے کے نتائج وصول ہونے کے فوری بعد ان کا اعلان کر دیا جائے گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اردن میں سوشل میڈیا پر پوسٹوں کی ایک بڑی تعداد میں اس سرخ جوہڑ کی تصاویر کو پیش کیا گیا ہے جو اچانک ظاہر ہوا ہے۔ لوگوں نے اس جوہڑ سے مختلف رنگ کا پانی نکلتے ہوئے دیکھا ہے۔اردن کی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ بحر مردار سے مکمل طور پر علیحدہ ہونے کے سبب اس جوہڑ کا پانی سمندر کے پانی کو متاثر نہیں کرے گا۔