کراچی(این این آئی)کراچی میں آئندہ 5 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ 16 سے 18 ستمبر کے دوران شہر میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دبائو راجستھان پر موجود ہے، ایک اور ہوا کا کم دبائو خلیج بنگال میں بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دبائو کی شدت زائد ہے، 14 ستمبر تک یہ دونوں ہوا کے کم دبائو ملنے کے باعث شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران موسم شدید گرم رہ سکتا ہے، اس دوران درجہ حرارت 38 سے40 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور سمندری ہوائیں معطل رہنے کا امکان ہے جبکہ شمال مشرق سے گرم ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔سردار سرفراز کے مطابق 16 سے 18 ستمبر کے دوران مون سون کے سسٹم کے باعث شہر میں ایک بار پھر سے بارش متوقع ہے۔