اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)سوشل میڈیا پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کے بارے میں افواہوں کا بازار گرم ہے۔اسی حوالے سے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کو قوم کی دعاوں کی ضرورت ہے ، اللہ تعالی ان کو
کامل صحت عطا فرمائے، آمین ۔۔۔ان کی وفات کی خبر غلط ہے ، احتیاط کیجیے پلیز”خیال رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان گزشتہ چند روز سے علیل ہیں،انہوں نے قوم سے دعائے صحت کی اپیل بھی کی تھی۔دوسری جانب محسن پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ کچھ احسان فراموش لوگ میرے بارے میں بْری خبریں لگا رہے ہیں، اللّٰہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آپ سب میرے متعلق افواہیں سن کر پریشان ہوں گے، مجھے بھی صبح سے بہت فون آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی سال تک ابھی اللّٰہ مجھے ضرور زندہ رکھے گا تاکہ میں لوگوں کے دل جلا سکوں۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں اگرایسی کوئی بات ہوئی تو گھر والوں کی جانب سے سب کو معلوم ہو جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے فیملی ذرائع کا بتانا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان روبہ صحت ہیں۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے فیملی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان بیمار ہوئے تھے لیکن اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔
درست خبر
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کو قوم کی دعاوں کی ضرورت ہے ، اللہ تعالی ان کو کامل صحت عطا فرمائے، آمین
ان کی وفات کی خبر غلط ہے ، احتیاط کیجیے پلیز pic.twitter.com/bQrAUyh9ss— Qaisar Sharif (@Qaisarsharif555) September 10, 2021