سکھر(این این آئی)مسافرٹرینوں میں آن لائن بکنگ میں جعلسازی اور ردوبدل کا سلسلہ جاری ، پاکستان ایکسپریس میں سوار پانچ مسافر آن لائن کے تحت بک شدہ ٹکٹوں میں جعلسازی ثابت ہونے پر گرفتار، روہڑی ریلوئے تھانے پر مقدمہ درج ، جعلسازی میں ملوث دکانداروں کی گرفتاری کیلئے پولیس پارٹی تشکیل ، تفصیلات کے مطابق مسافرٹرینوں میں
باآسانی نشستوں کی بکنگ کے لئے متعارف کرائے گئے آن لائن بکنگ سسٹم میں جعلسازی اور ردوبدل کا سلسلہ تیز ہوتا جارہا ہے جبکہ ریلوے حکام بھی آن لائن بکنگ میں جعلسازی اور بکنگ میں ردوبدل کی روکتھام کے لئے متحرک ہوگئی ہے آن لائن بکنگ والے مسافر وں کی ٹکٹیں اور ٹرین کے گارڈ کو فراہم کردہ تفصیلی چارٹ کوفوری چیک کرکے تسلی کرنے کا سلسلہ بھی تیز کردیا گیا ہے اسی سلسلے میں کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرین پاکستان ایکسپریس جیسے ہی خیرپور سے نکلی تو دوران سفر بیگماجی اسٹیشن کے مقام پر ڈیوٹی ٹرین ایس ٹی ای محمدنواز نے دوران ٹکٹ چیک پانچ مسافروں سے آن لائن بکنگ والی ٹکٹوں میں جعلسازی یعنی ردوبدل پائی گئی ایس ٹی ای نے ان مسافروں کو جعلسازی کرنے کے الزام میں روہڑی ریلوے پولیس کے حوالے کردیا پولیس نے پانچوں مسافروں کو ریلوے تھانہ روہڑی میں لاکپ کردیا جبکہ گرفتار مسافروں نیاز حسین ولد محمدخان راجپر،قربان ولد غلام شبیر خاصخیلی،مومن ولد موریل راجپر،محمدندیم ولد محمدصدیق راجپراورخورشیدولد محمدصدیق چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس پی ریلوے سکھرڈویثرن امجدمنظور کے پی آراو داؤد ملک کاکہناتھا کہ آن لائن بکنگ میں جعلسازی ردوبدل کرنے والے دکاندار کو بھی گرفتار کیا جائے گا جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر دکاندار کی گرفتاری کے لئے ایس پی ریلوے سکھرڈویثرن امجد منظور نے پولیس پارٹی تشکیل دے دی ہے اوردکاندار کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔