کراچی، پشاور(این این آئی) مغربی ہوا ؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور سندھ میں بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ صوبے کے بعض اضلاع میں منگل شام سے بارشوں اورتیزہواؤں کا نیاسلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوانے ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کومراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔مراسلے کے مطابق کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد،
ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ تیزبارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اورالرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعہ تک دیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے، تیزبارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنیاورالرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ ہفتہ کے روزتک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے 9ستمبر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ مون سون کا نیا اسپیل 9ستمبر کومتوقع ہے، اس اسپیل میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ڈائریکٹرمیٹ سردارسرفرازکے مطابق اسپیل کا دورانیہ 2روز 9 اور10ستمبر تک رہے گا اور آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران کراچی کا درجہ حرارت 34سے 36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن رہا ہے،ہوا کے کم دباؤ کا رخ مغرب کی جانب ہے۔انہوں نے کہاکہ بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا،
ہوا کا کم دباؤ 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مون سون سسٹم کے اثرات سندھ اور ملک کے شمالی علاقوں میں نظر آسکتے ہیں، 9 سے 10 ستمبر کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ 10 ستمبر کے بعد ایک اور ہوا کا کم دباؤ خلیج بنگال میں بن سکتا ہے، ہوا کا یہ کم دباؤ بھی سندھ پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔