ملتان ( آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پہلے پنجاب اور پھر وفاقی حکومت گرائی جا سکتی تھی لیکن جب ہماری تجویز نہیں مانی گئی تو ہم خود میدان میں آگئے ، ہمارے ساتھ دھوکہ نہ ہوتا تو حکومت کے خلاف عدم اعتماد لاکر اس کو گرا دیتے اور نئے الیکشن کروادیتے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں صحافیوں سے
بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کروا کے ہم نے ثابت کیا کہ ہماری پالیسی ٹھیک تھی ، اگر ہمارے ساتھ دھوکہ نہ ہوتا تو ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لا کر اس کو گرا دیتے اور ملک میں نئے الیکشن کروا دیتے ، پہلے پنجاب اور پھر وفاقی حکومت گرائی جا سکتی تھی لیکن جب ہماری تجویز نہیں مانی گئی تو ہم خود میدان میں آگئے ، غلطیاں سیاست میں بھی ہوتی رہتی ہیں لیکن اب ہم نئے جذبے اور جدید سیاست کے لئے نکلے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم انقلابی پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، عوام سے حق حکمرانی ہمیشہ چھینا گیا ہے، جو کچھ ہم نے کیا وہ تحریک انصاف اور ن لیگ والے بھی نہیں کر سکے، موجودہ پنجاب حکومت اور شہباز شریف نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے جو وعدے کیے وہ پورے نہیں ہوئے ، پیپلز پارٹی کے ساتھ تو ہمیشہ زیادتی ہوئی ہے، ایک سازش کے تحت جنوبی پنجاب اور پاکستان میں ہماری جماعت کو نقصان پہنچایا گیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نتائج بہت بہتر ہوں گے، پیپلز پارٹی نے علیحدہ صوبے کے لئے پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کیا اور کمیشن بنایا گیا تھا ، صوبہ کے حوالے سے اس کمیشن کی رپورٹ پر عمل کرنا چاہیئے۔