کابل (این این آئی)افغانستان ٹیلی ویژن سے تعلق رکھنے والے میزبان میر وئیس حق دوست کی مسلح طالبان کے ساتھ پروگرام کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی ، 42 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں میزبان کے عقب میں7 مسلح طالبان کو
کھڑے جبکہ ایک رکن کو میزبان کے قریب بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔وائرل ویڈیو سے متعلق افغان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے میزبان کا کہنا تھا کہ جب پروگرام آن ائیر ہوا تو مجھے دھمکی دی گئی تھی کہ میں نے مجاہدین کا مذاق اڑایا ہے۔نیوز اینکر کے مطابق چینل کی جانب سے پروگرام میں شریک ہونے والے طالبان کو سوال، پروگرام نشر ہونے سے قبل فراہم کر دیے گئے تھے جس کے جواب طالبان نے پروگرام سے قبل ہی لکھ کر دے دیے۔ ویڈیو سے متعلق سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس آزادی پر بھی سوال اٹھایا جا رہا ہے جس سے متعلق طالبان نے وعدہ کیا تھا کہ افغانستان میں اب کوئی بھی شخص بلا خوف و خطر کام کر سکے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی صحافی یالدا حاکم سمیت کئی صحافیوں کی جانب سے یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جاچکی ہے۔یالدا حاکم نے اپنے ٹوئٹ میں وائرل ویڈیو پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ افغان ٹی وی پر کیا زبردست سیاسی مباحثہ ہو رہا ہے، مسلح طالبان میزبان کو دیکھ رہے ہیں، جبکہ میزبان اشرف غنی حکومت کے خاتمے پر گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ امارت اسلامیہ کا کہنا ہے کہ افغان عوام کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔