لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہاہے کہ عمران خان اور عثمان بزدار کو صرف ایک کام آتا ہے اور وہ ہے لوٹ مار ،چوروں اور ڈاکوئوں کے اس ٹولے نے فیاض چوہان اور ان جیسے درجنوں ترجمان رکھے ہوئے ہیں،
’’وچوں وچوں کھائی جائو اتوں رولا پائی جائو‘‘پروگرام چل رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بنی گالہ کے ڈاکو جتنی بڑی ڈکیتی کرتے ہیں فیاض چوہان اتنا زیادہ شور مچاتے ہیں، عثمان بزدار چپڑاسی کے تبادلے تک پر رشوت لیتے ہیں،پنجاب میں تین سالوں میں پانچ چھ چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کی تبدیلیاںان کی رشوت ستانی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جس بھی افسر سے پوچھیں تو وہ بتاتا ہے کہ رشوت دے کر پوسٹنگ لی ہے، انہوں نے پنجاب کو تباہ کر دیا اب تو امن و امان تک قابو میں نہیں رہا ،بنی گالہ کے ڈاکوئوں کی دیکھا دیکھی اب تو رہزنیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ سید حسن مرتضی نے کہا کہ بنی گالہ کے ڈاکوئوں کا راج ختم ہونے والا ہے، چوروں کے ترجمانوں کا چیخنا چلانا ان کے خوف کی علامت ہے۔انہوںنے کہا کہچیئرمن بلاول بھٹو زرداری کراچی سے نکلتے ہیں تو بنی گالہ والوں کی نیندیں اڑ جاتی ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے پنجاب آنے کا سن کر ان کے ترجمان حواس باختہ ہو گئے ہیں۔