کابل (آن لائن) کابل ائیرپورٹ پر مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ داعش کی جانب سے راکٹ حملوں اور کار بم دھماکوں کے ذریعے کابل میں تباہی مچانے کے خدشے کے پیش نظر امریکی فوج کو مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے باہر ہوئے دھماکوں کے بعد کابل خاص کر ائیرپورٹ کے علاقے میں مزید دہشت گرد حملوں کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کابل ائیرپورٹ پر موجود امریکی فوجیوں کو مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ داعش کابل ائیرپورٹ پر یا تو راکٹ حملے کر سکتی ہے یا کار بم دھماکے بھی کیے جا سکتے ہیں۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد حملوں کے خدشات کے حوالے سے امریکی فوج نے افغان طالبان کیساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔گزشتہ روز ہوئے حملوں کے حوالے سے امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ فرینک میک کینزی نے کہا ہے کہ داعش کے عناصر کے ایک گروپ نے کابل ایئرپورٹ پر حملہ کیا۔دھماکوں کے وقت فائرنگ اور مسلح تصادم کے واقعات بھی ہوئے۔