اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) داعش کے سربراہ ابو عمر خراسانی کابل کی جیل میں ہلاک ہو گئے، اس بات کا دعویٰ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے، بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں نام نہاد عالمی شدت پسند عسکری تنظیم دولت اسلامیہ یا داعش خراسان کے گرفتار سربراہ شیخ ابو عمر خراسانی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 15 اگست اتوار کے دن افغان طالبان کے کابل پر قبضہ کے دوران مارے جا چکے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ابو عمر خراسانی کا جنازہ 16 اگست بروز پیر دن چار بجے صوبہ کنڑ میں ہوا، جس میں کثیر تعداد میں مقامی لوگوں اور ان کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ بی بی سی کے مطابق اس کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع اور ان کی آخری رسومات میں شریک ہونے والے افراد نے کی ہے۔