کابل (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )افغانستان کا قومی پرچم گزشتہ 100 برسوں کے دوران 18 مرتبہ تبدیل کیا گیا اور اس دوران قومی پرچم پر کئی رنگ آکر گزر گئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سوسال پہلے جب افغانستان برطانیہ سے مکمل طورپر آزاد ہوا تب سے اب تک قومی پرچم میں 18 بار ترمیم ہوئی ہے۔سب سے پہلے حبیب اللہ خان نے مکمل سیاہ پرچم
پرتلواریں اور مسجد کا نقش شامل کیا اورپھر کئی چھوٹی بڑی ترامیم ہوئیں۔حبیب اللہ کلکانی کے تحت پرچم میں 3 رنگ شامل ہوگئے، سن 1974 میں ایک چیل پر پھیلائے پرچم پرآگئی تو سن 1978 میں کمیونسٹ حکومت کے بعد پرچم سرخ ہوگیا۔سوویت یونین کی شکست کے بعد سن 1992 میں پرچم پرمسجد، گندم اور تلواریں پھرلوٹ آئیں۔انیس سوچھیانوے میں طالبان برسراقتدار آئے اور پرچم سفید ہوگیا جس پرکلمہ طیبہ نقش تھا۔پھر شمالی اتحاد سن 2001 میں کابل پرحاکم ہوا اور پرچم سبز سفید اور سیاہ رنگوں میں ڈھلا اور اگلے ہی سال سرخ سبزاورسیاہ ہوگیااور اب اتحادی فوج کے جانے کے بعد طالبان نے پھرسفید پرچم متعارف کروادیا ہے۔دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد ملکی اور غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایوی ایشن ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران افغانستان کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکی ایئرفورس سمیت
مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور دیگر 106 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا، جن میں 98 پروازیں مختلف ملکوں کی ایئرفورسز کی تھیں۔کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کے بورڈ کے مطابق ہوائی اڈے کے رن وے خاص طور پر رات کے وقت انتہائی مصروف رہے۔ افغانستان کے مقامی وقت 22 اگست کی رات 10 بجے سے لے کر 23 اگست
کی رات 10 بجے تک کابل ایئر پورٹ پر 55 طیاروں کی لینڈنگ ہوئی جبکہ ان میں 52 نے ٹیک آف کیا۔امریکی ایئر فورس کے سب سے زیادہ 67 طیاروں کی آمد اور روانگی ہوئی ہے۔ رائل ایئر فورس کی 10 لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئے، ترکش ایئر فورس کے 3، اسپین ایئر فورس کی دو، رائل نیوزی لینڈ ایئر فورس کی 2، رائل آسٹریلین ایئر فورس کی 4 لینڈنگ
اور ٹیک آف ہوئے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلوبل ایکس کی 6 پروازوں کی آمد و روانگی ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی کمرشل ایئر لائن کم ایئر کی بھی 3 لینڈنگ اور ایک ٹیک آف ہوا۔ کال سائن کے بغیر 4 طیاروں نے لینڈنگ اور ٹیک آف کیا۔ جارجیا سے بھی 4 کارگو طیاروں کی آمد اور روانگی مانیٹر کی گئی ہے۔