لاہور(این این آئی) چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوگئی جبکہ ملزمان کے ڈی این اے سیمپل فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں رکشہ ڈرائیور اوراسکے ساتھی کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بننے
والی ماں اور بیٹی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ملزمان کے ڈی این اے سیمپل فرانزک لیب بھجوادیئے ہیں۔دوسری جانب چوہنگ میں رکشہ ڈرائیور اوراسکے ساتھی کی ماں بیٹی سے زیادتی کیس میں پولیس نے ملزمان کو ریمانڈ کے لیے ایٹی سی میں پیش کیا ، عمر اور منصب نامی ملزمان کوچہرہ ڈھانپ کرعدالت میں پیش کیاگیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دونوں ملزمان کو شناخت پریڈ پر7روز کیلئے جیل بھیج دیا۔دوسری جانب شمالی چھائونی میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں 55 سالہ شخص کو گرفتارکر لیا گیا۔پولیس کے مطابق 10 سالہ بچی کوئی چیز خریدنے گھر سے نکلی تو 55 سالہ خالد اسے ورغلا کر ویرانے میں لے گیا اور زیادتی کی کوشش کی لیکن بچی کے شور مچانے پر ملزم فرار ہو گیا۔پولیس نے بچی کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا جب کہ ملزم کو بھی کچھ دیر بعد گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔