ننگرہار(این این آئی)سابق گورنر ننگرہار ضیا الحق امرخیل نے امارات اسلامیہ افغانستان کی حمایت کا اعلان کردیا،میڈیارپورٹس کے مطابق ضیا الحق امر خیل نے
افغان طالبان کے رہنما الحاج خلیل الرحمن حقانی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے امارت اسلامیہ افغانستان کی حمایت کا اعلان کیا۔اس سے قبل افغان طالبان کے رہنما خلیل الرحمن حقانی نے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکا سے دشمنی میں ہم نے پہل نہیں کی، اب بھی نہیں کر رہے۔خلیل الرحمن حقانی نے کہا کہ امریکا نے ملک سے زیادتی کی تو مجبور ہوکر بندوق اٹھائی۔ان کا کہنا تھا کہ اشرف غنی، امراللہ صالح اور حمد اللہ محب کو بھی عام معافی ہے اب کسی سے دشمنی نہیں ہے۔افغان طالبان کے رہنما کا کہنا تھا کہ افغانستان کا ایک منظم نظام بنے گا جس میں تمام اقوام، ساری تنظیمیں اور اہل تعلیم یافتہ لوگ شامل ہوں گے، باہر جانے والوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ باہر نہ جائیں، اپنے ملک کی خدمت کریں۔