اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہشمند نہیں،افغان رہنما ملکر پائیدار امن،
استحکام و ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔ منگل کے روز وزیراعظم ہائو س اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے افغان سیاسی رہنماوں نے ملاقات کی ،ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں وزیراعظم نے افغان عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور مضبوط حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہشمند نہیں موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ اہم ذمہ داری افغان رہنماوں پر عائد ہوتی ہے۔ افغان رہنما ملکر پائیدار امن، استحکام و ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔تمام فریقین موجودہ سیاسی صورتحال کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کا خواہاں ہے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کی مکمل یقین دہانی کراتا ہے۔ افغان وفد نے امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔اس مو قع پر افغان وفد نے کہا کہ افغان معاشرہ کثیر اللسانی نیچر رکھتا ہے۔پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات کو مذید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔