کابل( آن لائن ) طالبان رہنما مولوی عبدالحق حماد نے کہا ہے کہ مولوی محمد یعقوب کی بات طالبان کیلئے حرف آخر ہے ،طالبان چاہتے ہیں کہ متفقہ نظام آئے اور متفقہ نظام کیلئے مذاکرات جاری ہیں،فساد افغانستان کے سربراہ نے شر وع کیا جو چار گاڑیوں میں ڈالر بھر کر بھاگا،
افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے سقوط میں 50سے زائد افراد نہیں مارے گئے عوام کی حمایت نہ ہوتی تو صورتحال اتنے بہتر طریقے سے کنٹرول نہ ہوتی ، فساد افغانستان کے سربراہ نے شر وع کیا جو چار گاڑیوں میں ڈالر بھر کر بھاگ گیا ہے ۔یہ طے تھا اشرف غنی ٹیم کے ہمراہ اختیار اقتدار طالبان قیادت کے حوالے کریں گے اور ان کا استعفیٰ قطر جاتا اور وہاں منظوری ہوتی،استعفے کی منظوری کے بعد نئے نظام پر اتفاق ہو تا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی طے ہوا تھا کہ بہتر طریقے سے طالبان قیادت افغانستان آئے گی عملی طور پراشرف غنی اپنی ٹیم اور عوام کے ساتھ خیانت کی ہے، آج اللہ کے فضل و کر م سے طالبان افغانستان پر حاکم ہیں ، طالبان اپنے نظام کا اعلان نہیں کر رہے تو مطلب ہے طالبان چاہتے ہیں کہ متفقہ نظام آئے اور متفقہ نظام کیلئے مذاکرات جاری ہیں، شاید جلد ہی ایک ابتدائی نظام پر شورٰی کے آنے پر اتفاق ہو جائے، پھر اس کے بعد سیاسی قانون بحث کا موضوع ہے ۔