پشاور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)افغانستان میں اشرف غنی حکومت کے خاتمے اور طالبان جنگجوئوں کی کامیابی کے ساتھ ہی پشاور میں طالبان کی مقامی شوریٰ کی صدائے بازگشت بھی سنائی دی، روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے پوش علاقے
حیات آباد میں طالبان کی مقامی شوریٰ کے اجلاس کے انعقاد کی اطلاعات موصول ہوئی، مذکورہ اجلاس میں افغانستان میں تیزی کے ساتھ بدلتی صورت حال پر بات چیت کی گئی اور طالبان کی کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیاتاہم افغان طالبان نے پشاور شوریٰ کے اجلاس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔دوسری جانب سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دیوار پر لکھا ہوا تھا کہ افغان طالبان آرہے ہیں، اچھی بات یہ ہوئی کہ اشرف غنی مستعفی ہوگئے۔اپنے ایک بیان میں رحمان ملک نے کہا کہ انڈیا کی ففتھ جنریشن وار جاری رہے گی ، ہمیں خیال رکھنا چاہیے کہ بھارت سی پیک میں بھی مداخلت کررہا ہے،امریکا کو سمجھنا چاہیے بھارت ایک بھروسہ مند ساتھی نہیں۔رحمان ملک نے کہا کہ نئی حکومت سمجھ جائے گی کہ پاکستان نے افغانستان کی کتنی مدد کی،پہلے کہہ چکا ہوں بھارت دہشت گردوں کی تربیت کرے گا،پاکستان نے امن کے معاہدے کو آگے لے جانے میں مدد کی۔رحمان ملک نے کہا کہ مودی کے لیے ایک سبق ہے کہ کسی کو اتنا مجبور نا کریں کہ وہ اٹھ کر جواب دے۔رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان میں ہوسکتا ہے کہ وقت سے پہلے الیکشن ہوجائیں۔