نئی دہلی(این این آئی)افغان فورسز اور طالبان میں لڑائی کی شدت کے باعث بھارت نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے پر زور دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں موجود بھارتیوں کو کہا گیا کہ وہ طالبان کے ساتھ شدید لڑائی کے دوران ملک کے چوتھے بڑے شہر مزار شریف سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے آج افغانستان سے واپس آجائیں۔ مزار شریف سے نئی دہلی کے لیے ایک خصوصی پرواز روانہ ہو گی، لہذا بھارتی حکام نے شہریوں سے کہا کہ وہ مزار شریف یا اس کے آس پاس موجود کسی بھی بھارتی شہری سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ روانہ ہونے والی خصوصی پرواز میں بھارت کے لیے روانہ ہو جائیں۔بھارتی شہریوں سے کہا گیا کہ خصوصی پرواز کے ذریعے افغانستان چھوڑنے والے اپنا مکمل نام اور پاسپورٹ نمبر و دیگر تفصیلات فوری طور پر قونصل خانے میں جمع کرائیں۔بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریبا ایک ہزار سے 15 سو کے قریب بھارتی افغانستان میں مقیم ہیں۔