اسلام آباد ( آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی طرف وسائل کا رخ موڑ رہی ہے تا کہ عوامی مشکلات کم ہوں ،نوجوان پاکستانی معیشت کے لئے ریڈھ کی ہڈی ہیں اور ان کے لئے مختلف منصوبوں پر اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیر خزانہ
شوکت ترین اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران کیا ۔ذرائع کے مطابق عثمان ڈار نے نوجوانوں کے لئے قرضہ جات کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔کامیاب پاکستان پروگرام بھی تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ریلیف کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلیگ شپ فلاحی پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کو سہولت دی جائے ،وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس موقع پر کہا کہ منصوبے کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور جلد ملک بھر میں یہ لانچ ہوگا ،لاکھوں خاندانوں کا ڈیٹا فراہم کیا جارہا ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کیا جائیگا ،مالی وسائل کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت کی فراہمی کا طریقہ کار بھی طے کیا جارہا ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو غربت کی سطح سے نکالنے کے لئے تمام حکومتی وسائل استعمال کئے جائیں ۔بعد ازاں وزیر اعظم سے وزیر
برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے بھی ملاقات کی اور ملک بھر میں صنعتی زونز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور جنوبی پنجاب میں ترقیاتی امور کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ،وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مالی وسائل بڑھا رہی ہے اور ہم جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی طرف مرحلہ وار گامزن ہیں تا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی دور ہو اور انہیں بھی قومی دائرے میں لاکر ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کا بھر پور موقع ملے ۔