اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ( ن) نے بھی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں شفافیت، غیرجانبداری سوالیہ نشان بن گئی۔
اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ پولنگ سٹیشنز میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنے، پی ٹی آئی کی گاڑیوں میں پولنگ سامان لانے، فائرنگ اور مداخلت کے قابل مذمت واقعات کی بڑھتی تعداد انتہائی تشویشناک اور شفاف الیکشن کے تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے عوام کے ووٹ کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے اور دھاندلی، دباو اور دھونس کے ہر ہتھکنڈے کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ الیکشن کمیشن اپنی قانونی وآئینی ذمہ داریاں پوری کرے اور عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنائے۔دوسری جانب نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی وزراء دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ کر پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہوئے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاہک پیپلز پارٹی نے اب تک الیکشن کمیشن میں دھاندلی کی21 شکایات درج کی ہیں، کچھ پولنگ اسٹیشنوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات ہوئے ہیں،2 اموات ہو چکی ہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ حکومتی مشینری کی اس کھلی نمائش پر حیرت زدہ ہیں۔