سیالکوٹ (این این آئی)سیالکوٹ میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔لیگی نائب صدر کو شوکاز نوٹس ایل اے 36 جموں 3 کے ریٹرننگ آفیسر نے جاری کیا۔نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ ان کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حامد رضا نے شکایت درج کروائی تھی۔
نوٹس کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے 48 گھنٹے پہلے جلسہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔شوکاز نوٹس میں مریم نواز کو حلقے میں نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملکی و قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نظام میں بہتری لانے کیلئے اصلاحاتی عمل میں حکومت کا ساتھ دیں،پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، آزاد کشمیر کی ترقی اور کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اقدامات اٹھائیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بڑے اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں کی طرح آسائشوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ وہ حقیقی معنوں میں ملکی نظام کی بہتری، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو نے سیاست میں آنے کے لئے کوئی جدوجہد نہیں کی بلکہ یہ دونوں خاندان ایک عرصہ سے وراثت کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لئے نظام میں مزید اصلاحات لانے کی خواہاں ہے
اور ہمیں امید ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں اپوزیشن جماعتیں اس سلسلے میں ہماری حمایت کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف ایسی اصلاحات اور قوانین میں ترامیم کے لئے دلچسپی رکھتی ہیں جن سے ان کو کوئی فائدہ حاصل ہوتا ہے، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ملکی و قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نظام میں بہتری لانے کے لئے اصلاحاتی عمل میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے
کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی آزاد کشمیر میں حکومت ہے لیکن (ن) لیگ نے اپنے دور حکومت میں کشمیری عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور ہم آزاد کشمیر کی ترقی اور کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اقدامات اٹھائیں گے، ہمارے امیدوار اپنی انتخابی مہم کے دوران کشمیری عوام کو پی ٹی آئی کے منشور اور نظریہ سے آگاہ کر رہے ہیں۔