اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بیرون ملک سے بٹ کوائنز کے ذریعے رقم منتقل ہوئی، ایف آئی اے کو ثبوت مل گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کےمطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے )
کو پاکستان میں دہشت گردی کیلئے یورپ اور برطانیہ سے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائنز کے ذریعے رقوم منتقلی کے ثبوت ملے ہیں، رقوم منتقلی میں ملوث ملزم نعمان صدیقی کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق نعمان صدیقی کی جانب سے پاکستان منتقل کی گئی رقم میں سے کچھ حصہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی مالی اعانت میں استعمال ہوا، نعمان صدیقی کا تعلق متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم ) لندن اور بانی ایم کیو ایم سے ثابت ہوا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق 2018 میں گلستان جوہر میں دھماکے کی منصوبہ بندی سلیم بیلجیئم نے کی تھی جس کیلئے رقم نعمان صدیقی نے پاکستان منتقل کی تھی، ادارےکی س ٹی ڈبلیو ونگ کے 2 انسپکٹرز 10 کروڑ رشوت کے عوض ملزم کی رہائی کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق دونوں انسپکٹرز کو گرفتار کرکے ان کے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔