مکہ مکرمہ (این این آئی )مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے نگرانِ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے بیت اللہ اور حرمین شریفین کے امور کو خصوصی توجہ دینے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل
سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شیخ السدیس کا یہ موقف خانہ کعبہ کے نئے غلاف کِسوہ کے حوالے کیے جانے کے موقع پر سامنے آیا۔ بیت اللہ کا غلاف 9 ذو الحجہ کو تبدیل کیا جائے گا۔شیخ السدیس کے مطابق شاہ عبدالعزیز آل سعود رحمہ اللہ کے وقت سے حرم شریف اور مسجد نبوی کی خدمت کو تمام ترجیحات میں سرفہرست رکھا گیا۔ نگرانِ اعلی نے اس موقع پر مکہ مکرمہ کے گورنر اور خادم حرمین شریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل اور مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کا بھی شکریہ ادا کیا۔شیخ السدیس نے خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کی صحت و سلامتی کے علاوہ حرمین شریفین اور تمام اسلامی ممالک کی حفاظت کے لیے خصوصی دعا کی۔