کراچی (این این آئی) کامیڈین اداکار یاسر حسین نے ڈرامہ نگار آسمہ نبیل سے آخری گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کردیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ انہوں نے اپنے ایوارڈ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ڈرامہ کیلئے میرا واحد ایوارڈ ہے، جو مجھے باندی پر دیا گیا۔‘
اداکار یاسر حسین نے آسمہ نبیل سے آخری گفتگو کا ایک اسکرین شاٹ بھی اسٹوری میں شیئر کیا۔آخری گفتگو میں یاسر آسمہ نبیل کو اپنا حوالہ دیتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ان کی ناساز طبیعت کے حوالے سے وجاہت نے انہیں بتایا تھا، میسج میں یاسر آسمہ نبیل کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور اپنا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔جواب میں آسمہ نبیل یاسر کے میسج کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور اپنی ناساز طبیعت کے حوالے سے بتاتی ہیں۔آسمہ یاسر کو بتاتی ہیں کہ طبیعت بہت ہی خراب ہے، دعاؤں کی ضرورت ہے یہ دعائیں ہی ہیں جو مشکل مرحلوں سے نکالتی ہیں۔دوسری جانب حال ہی میں کینسر سے مکمل طور پر صحتیاب ہونے والی نادیہ جمیل نے بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کرنے والی آسمہ نبیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اْن کو کینسر سے جنگ میں آسمہ نبیل نے بہت حوصلہ دیا تھا۔نادیہ جمیل نے آسمہ نبیل کے ہمراہ اپنی یادگار تصویریں شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور بہترین دوستی اور ساتھی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ کینسر سے جنگ اتنی مشکل نہیں تھی لیکن جب علاج کے دوران کینسر کی تشخیص کے 9 ماہ بعد مجھے ڈپریشن کے دورے پڑنے لگے تو ا?سمہ نے مجھے حوصلہ دیا۔نادیہ جمیل نے لکھا کہ آسمہ مجھے طویل میسجز اور وائس نوٹس پر مجھے خوش کرنے کی کوشش کرتی رہتی تھیں۔اداکارہ نے لکھا کہ ’آج ان کے انتقال کے بعد جب میں آسمہ کے اس وقت کیے گئے میسجز کو پڑھ رہی ہوں تو میری آنکھوں سے آنسو رواں ہیں۔‘نادیہ جمیل نے لکھا کہ آسمہ کے میسجز ہی مجھے سب سے زیادہ حوصلہ اور ہمت دیتے تھے کیونکہ وہ بھی سب اسی سب سے گزر رہی تھیں جس کا مجھے سامنا تھا۔انہوں نے لکھا کہ میری بیماری میں آسمہ ہمیشہ میرے لیے محبت کرنے والی طاقت اور تحریک کا ذریعہ بنی رہیں گی، وہ خوفناک لمحوں میں مجھے زندگی کی امید دیتی رہیں۔آخر میں اداکارہ نے آسمہ نبیل کی مغفرت کی دعا کی اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔