پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے پولیس افسران و اہلکاروں کی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پولیس کے ذرائع کے مطابق پشاورسمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے پولیس افسران و اہلکاروں سے مجموعی طور پر ایک ہزار چھ سو نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کی گئیں جسے ایف بی آر کے حوالے کر دیاگیا۔بعض
اضلاع میں پولیس افسران و اہلکاروں کی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر ایف بی آر نے اپنے تحفظات سے وفاقی حکومت اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کو بھی آگاہ کیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ جن جن پولیس افسران و اہلکاروں کے پاس نان کسٹم پیڈ گاڑیاں موجود ہیں ان کی تفصیلات تیار کی جارہی ہیں جسے صوبائی حکومت اور چئرمین ایف بی آر کو ارسال کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال کرنے والے محکمہ کسٹم کے افسران و اہلکاروں محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے پکڑی جانے والی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو بھی ایف بی آر کے حوالے کیا گیا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں 21جولائی کو ہونے والے انتخابات میں سیکورٹی کے لئے خیبر پختونخوا پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 100پلاٹون کی خدمات طلب کر لی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے لئے سیکورٹی کی صورتحال کے لئے خیبر پختونخوا پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر تعینات رہے گے۔ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پرامن انتخابات کی سیکورٹی کے لئے خیبر پختونخوا پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 100پلاٹون کی خدمات دیئے جائیں ان کی تعیناتی انتخابات ہونے تک کی جائیگی۔ خیبر پختونخو احکومت کی جانب سے منظوری کے بعد فرنٹیئر کانسٹیبلری اور خیبر پختونخوا پولیس کے دستے آزاد کشمیر میں تعینات کئے جائینگے۔