اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے ملوانی میں محمد رفیع جب گھر سے دودھ لینے گئے تو انکے اہلخانہ اور گھر صحیح سلامت تھا لیکن جب وہ دودھ لے کر آئے تو دیکھا کہ جس 3 منزلہ عمارت میں انکے گھر کے افراد مقیم تھے وہ منہدم ہو گئی ہے اور تمام گھر کے لوگ مر گئے ہیں سوائے محمد رفیع اور انکے 16 سالہ بیٹے کے کیونکہ انکا بیٹا بھی حادثے کے
وقت میڈیکل اسٹور پر دوا خریدنے کیلئے گیا ہوا تھا اور اس حادثے میں محمد رفیع نے اپنی بیوی،بھائی،بھابھی اور 8 بچوں کو کھویا۔ ہماری ویب کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت میں 2 خاندان مقیم تھے اور محمد رفیع صاحب کے خاندان سمیت 12 افراد اس حادثے میں انتقال کرگئے اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔ محمد رفیع صاحب کا کہنا ہے کہ اگر معلوم ہوتا کہ بلڈنگ منہدم ہونے والی ہے تو وہ کب کا اسے چھوڑکر چلے گئے ہوتے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں اس وقت مون سون کی بارشیں جاری ہیں اور انہی بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ بھی جاری کر رکھا ہے، اور انہی بارشوں کی وجہ سے عمارت کمزور ہوگئی اور گر گئی جبکہ عمارت کی 3 منزلیں تھیں جس میں سے 2 منزلیں گریں اور اس واقعے پر علاقے کے بی جے پی رہنما نے شیوسینا کو قصور وار ٹھرایا ہے کیونکہ ان کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن میں شیوسینا کی ہی حکمرانی ہے۔