کراچی (آن لائن) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رواں سال مون سون جون کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ
موسمیات کے مطابق 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں اور جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی۔کراچی میں جولائی میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60 ملی میٹرہے مگر اس بار محکمہ موسمیات نے ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی زائد بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بالائی، شمالی بلوچستان اور کشمیر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ نظر انداز نہیں کی جاسکتی جب کہ پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اچانک تیز بارشوں کے باعث کیچمنٹ ایریا، ندیوں اور دریاوں میں سیلاب آسکتا ہے جبکہ شمالی علاقوں میں معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث برف پگھلنے کا امکان رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث بالائی انڈس بیسن میں پانی کا بہاؤ بڑھ جائے گا تاہم بارشوں کے باعث پاور سیکٹر اور زراعت کے لیے پانی کافی مقدار جمع ہوگا۔ دوسری جانب کوہلو اور بارکھان میں گزشتہ شب موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے کوہلو میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف
واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ بارکھان میں آسمانی بجلی گرنے سے زری خان نامی شخص کی متعداد مال مویشیاں ہلاک ہوگئی ہیں بارکھان کے علاقے بٹی،ناہڑ کوٹ میں ژالہ باری سے مرچ اور ٹماٹر کی تیار فصلوں اور سولر پلیٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے اس کے علاوہ کوہلو کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں سنجاڑ،سفید،نساو میں بارشوں اور ژالہ باری سے تیار فصلیں تباہ ہونے سے کسانوں کو لاکھو ں روپے کا نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں۔