واشنگٹن(این این آئی)امریکی چینل نے نئی سیٹلائٹ تصاویر حاصل کی ہیں جن میں ایران کے مقام سنجاریان میں غیر معمولی سرگرمیاں ظاہر ہو رہی ہیں۔ماضی میں سنجاریان کا نام مشتبہ سرگرمیوں کے حوالے سے سامنا آ چکا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ تصاویر میں 15 اکتوبر 2020 کو اس مقام پر 18 گاڑیاں اور پھر 18 جنوری 2021 کو مزید گاڑیاں نظر آئیں۔ اس کے علاوہ یہاں کھودے گئے گڑھے بھی دیکھے جا سکتے ہیں جب کہ رواں سال مارچ میں اس مقام پر موجود سڑک کو ڈھانپ دیا گیا تھا۔ سیٹلائٹ تصاویر میں اب گڑھے اور خندقیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔سنجاریان کا مقام دارالحکومت تہران سے 25 میل دور واقع ہے۔ اس مقام کا انکشاف پہلی مرتبہ 2018 میں ہوا جب اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد نے ایران کے خفیہ جوہری دستاویزات حاصل کر لیے تھے۔