اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی) مغرب کی جانب سے کم ہوائوں کے بادلوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گیا ۔محکمہ موسمیات نے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، بارشوں اور تیز ہوائوں کا سلسلہ تین
روز تک جاری رہے گا ، بارشوں سے درجہ حرارت میں دس ڈگری تک کمی ہونے کا امکان ہے ۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی و جنوبی اضلاع میں شدید گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو دوپہر کے بعد بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ مزید برآں شدید گرمی کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں و آندھی چلنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور وسطی و جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہا ہے تاہم کشمیر اور بالائی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔