لاہور( این این آئی ) پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کا اجلاس پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا جس کی صدارت پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کی ۔ اجلاس میںسید علی حیدر گیلانی،مخدوم عثمان محمود اور شازیہ عابد ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے
شرکت کی۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی بطور جماعت الگ تجاویز اور کٹوتی کی تحاریک پیش کرے گی ۔پنجابی کی طرح سرائیکی کو بھی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی زبان قرار دلوایا جائے گا اور عوامی ایشوز پر جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی میں سرائیکی میں بات کیا کریںگے جس سے جنوبی پنجاب میں مثبت پیغام جائے گا۔ارکان کا کہنا تھاکہ سیاست میں مک مکا کی اصل چمپئن (ن)لیگ ہے جو بزدار حکومت کو گرانے میں مخلص نہیں،آج پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت (ن)لیگ کے سہارے قائم ہے،ہم اسمبلی فلور اور اسمبلی سے باہر (ن)لیگ کو بے نقاب کریںگے۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی تعداد کم ضرور ہے مگر ہماری کارکردگی (ن)لیگ سے کہیں بہتر ہے۔