کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلاکر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے
گڑھا کھود رہے ہیں، سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ حکومتوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرے گا۔ عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملادیا، عمران خان نے پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں۔ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 95 ارب ڈالر سے 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، عمران خان صرف اس سال 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں، اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، عمران خان نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو دا پر لگانے کی کوشش کی ہے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مشترکہ استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرنے والے بجٹ پر حکمت عملی بنانے کی دعوت دے رہے ہیں ،معذرت ہمیں نہیں دوسروں کو کرنی چاہیے ۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کودیگر
معاملات کیساتھ مکس نہ کیا جائے ،ہم غیر جمہوری اقدام کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی بینظیر بھٹو کو بھی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا کہا گیا ،پی ڈی ایم کے کچھ لوگ مشترکہ استعفیٰ دینے کیلئے بضد تھے ،آج وہ لوگ بجٹ پر حکمت عملی بنانے کی دعوت دے رہے ہیں ،معذرت ہمیں نہیں دوسروں کو کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کسی کو واپس آنے کیلئے درخواست نہیں دی ،یوسف رضا گیلانی کا جرم کیا ہے؟ ،یوسف رضا گیلانی
ووٹ لیکر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنے ۔ انہوںنے کہاکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی ہی رہینگے ،ویسے ہی جیسے قومی اسمبلی میں ووٹ لیکر شہباز شریف اپوزیشن لیڈر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ احتساب سب کیلئے برابر ہونا چاہیے ،پیپلز پارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے ،اپنے خلاف کیسز میں بری ہو چکا ہوں ،عدالتوں سے انصاف ضرور ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں زیادہ توانائیاں ایک دوسرے کو نیچے دکھانے میں لگائی جا رہی ہے۔