اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن )وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے یومیہ اْجرت پرکام کرنے والوں کی
ماہانہ تنخواہ 17 ہزارسے بڑھا کر 21 ہزار کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔محمود خان نے کہا کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم عمران کے فلاحی ریاست کے وڑن کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔محمود خان نے کہا کہ کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے، مشکل صورتحال کے باوجود اگلے بجٹ میں معاشرے کے کمزورطبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا ، دوسری جانب وفاقی حکومت کی طرف سے نئے مالی سال کا بجٹ 22ـ2021ء 11 جون کو پیش کیئے جانے کا امکان ہے۔حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں صوبوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے لیے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی مشروط حمایت کی ہے۔حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت پنجاب کو اضافی فنڈز دے تو وہ تنخواہوں میں 10 فیصد کر سکے گی۔پنجاب حکومت نے یہ موقف پیش کیا ہے کہ وہ پہلے ہی سیکریٹریٹ ملازمین کو ایگزیکٹو الائونس دے رہی ہے جبکہ دیگر ملازمین کو 25 فیصد الائونس یکم جون سے ادا کرنا ہے۔