لاہو ر(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار سے قبل تحریک فساد اور اقتدار کے بعد تحریک تشدد بن چکی ہے،شہباز گل کی جانب سے پولیس کو ٹھیک کرنے کی بجائے عوام کو ٹھیک ہونے کا مشورہ
انتہائی بے شرمی کی علامت ہے۔ عظمی بخاری نے شہباز گل کی پریس کانفرنس پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ تھانوں میں کیمروں پر پابندی لگانے کا مطلب پولیس کو مادر پدر آزادی دینا ہے۔اگر عمران خان سسٹم کو ابتر کرنے آئے ہیں تو ہم اس کی ہر گز اجازت نہیں دینگے۔پنجاب کے عوام کو ان جلادوں اور سفاک قاتلوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔پنجاب پولیس تحریک انصاف کا ذیلی ونگ بن چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں نے پنجاب پولیس کو بھی اپنے گھر کی لونڈی بنادیا ہے۔عثمان بزدار ڈمی وزیر اعلی،صوبے کا چیف ایگزیکٹیو کوئی اور ہے۔پنجاب پولیس کے ذمے صرف دو ہی کام ہیں ایک بے گناہ شہریوں کا قتل اوردوسرااپوزیشن کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرناہے۔حکومت اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے کھل کر استعمال کررہی ہے۔پنجاب پولیس اصلاحات کا مسودہ اسمبلی میں لائے بغیر تسلیم نہیں کرینگے۔پولیس اصلاحات پر اسمبلی میں بحث کرائی جائے پھر مسودہ منظور کیا جائے۔پنجاب اسمبلی پہلے ہی بے توقیر ہو چکی ہے اس کو مزید فرسودہ نہ کیا جائے۔