لاہور (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 9اپریل بروز منگل کو طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی ۔نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور ان سے سوالات کے جوابات طلب کیے گئے ہیں ۔نیب نے
20اپریل 2018ء اور 3دسمبر 2018ء کو سوالات دیئے تھے ۔ شہباز شریف کو اپنی اہلیہ کے نام جائیدادوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی بینک اکائونٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں ۔ جبکہ اپنے والد سے ملنے والے جائیداد کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں ۔ اس کے ساتھ شہباز شریف الیکشن کمیشن میں دی گئی ان گاڑیوں کی تفصیلات جو بطور تحفہ ملیں وہ بھی فراہم کریں۔