اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد کچہری خودکش حملے میں ملوث سہولت کار اور اس کے ہینڈلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں مدد فراہم کرنے والا سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا، جہاں سے اسے حراست میں لیا گیا، جب کہ ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں افراد کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے ابتدائی تفتیش کے بعد دونوں ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش حملے سے قبل سہولت کار اور حملہ آور نے کئی مرتبہ جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوئے تھے۔ اس سے قبل، گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں نے اس موٹرسائیکل سوار کو بھی گرفتار کیا تھا جو حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لے کر آیا تھا۔















































