اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو 100 روپے پر رکھنے کیلئے 7 ارب ڈالرز خرچ کئے انہوں نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا تاہم ہم نے اقدامات شروع کردیئے ہیں ،عوام کو چھ ماہ میں ریلیف ملے گا، پرویز مشرف کو بھی نواز شریف کی طرح طبی بنیادوں پر ریلیف ملنا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کیا ہم نے نواز شریف کو جیل بھیجا ہے وہ اپنی غلطیوں کی سزا بھگت رہے ہیں
شریف فیملی اب رونا دھونا بند کرے اور قوم کا پیسہ لوٹائے ہم نے نواز شریف یا آصف زرداری کے خلاف مقدمات نہیں بنائے۔ آصف زرداری بھی اپنی حرکتوں کی وجہ سے جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جلد خوشحال ہوں گے ہم درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کررہیہیں۔ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں عوام کو چھ ماہ میں ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ڈالر کو مستحکم کرنے کیلئے جعلی اقدامات نہیں کئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو سو روپے پر رکھنے کیلئے سات ارب ڈالرز خرچ کئے ہم ایمنسٹی لا رہے ہیں سب کو اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہیے ہماری حکومت کے آٹھ ماہ میں کسی بھی وزیر پر کرپشن کا الزام نہیں لگا ہم نے پہلی مرتبہ غریب کی بات کی اور دیگر اقدامات کیلئے جن میں ویزا کی سہولت میں نرمی جیسے اقدامات شامل ہیں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا آصف زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ہیں سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کو بھی نواز شریف کی طرح طبی بنیادوں پر ریلیف ملنا چاہیے وزیر خزانہ اسد عمر کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہورہی۔ پنجاب حکومت ستر نئی گاڑیاں نہیں لے رہی یہ صرف ایک پروپوزل تھا ‘ عثمان بزدار سمیت کسی بھی وزیر کی تبدیلی کا اختیار صرف وزیراعظم کے پاس ہے۔