لاہور( این این آئی )وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ڈلیور نہ کرنے والے افسروں کیلئے زیر وٹالرنس پالیسی وضع کر تے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور آئی جی پنجاب کو آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نئی پالیسی کی روشنی میں پنجاب میں از سر نو بڑے پیمانے پر افسروں کے تقرر و تبادلوں کی تیاری شروع ہو گئی ہے اور آنے والے دنوں میں اعلیٰ انتظامی افسران کے علاوہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر افسران کی اکھاڑ
پچھاڑ متوقع ہے ۔نگران دورمیں تعینات ہونے والوں،سابقہ دور میں حکمرانوں کے قریب رہنے والے اورموجودہ دور میں اہم سیٹوں پر تعینات بیوروکریٹس کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بچت ، اوپن ڈور پالیسی پر عمل نہ کرنے والوں اوراختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے نام فہرستوں میں شامل کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کرنے والے افسروں، گھروں میں ملازمین کی فوج ظفر موج رکھنے والوں کے حوالے سے بھی فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے ۔