اسلام آباد (آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پردرخواست گزار کی استدعا منظور کر تے ہوئے مزید سماعت 11ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔فاضل بینچ نے جب سماعت شروع کی تو درخواست گزار احتشام احمد ذاتی حیثیت میں پیش اور عدالت عالیہ سے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لئے مہلت دینے کی استدعا کی۔عدالت نے استدعا منظور کر لی جس کے بعد درخواست گزار کی
جانب سے مظہر جاوید ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ عدالت میں پیش کر دیا۔درخواست گزار کی جانب سے وزیراعظم ،وزارت خارجہ ،داخلہ اور آئی ٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں عدالت عالیہ اسلام آباد سے استدعا کی گئی ہے ہالینڈ سے پاکستان کے سفارتی عملے کو واپس بلایا جائے۔سوشل میڈیا پر اس گستاخانہ خاکوں کی تشہیر پر پابندی عائد کی جائے۔درخواست گزار کی جانب سے مزید استدعا کی گئی ہے وزیراعظم اور وفاقی وزرا کو ہالینڈ کے سفارتی عملے کی بے دخلی کا حکم دیا جائے۔